اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لیے فوری جوڈیشل کمیشن بنانے کی استدعا مسترد کردی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہرمن اللہ نے ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیشن کی تشکیل کی درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں پٹیشنر وکیل شعیب رزاق عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے سوال کیا کہ ارشد شریف کی فیملی کے پاس کوئی گیا ہے؟ انہیں کوئی معاونت چاہیے؟ اس پر وکیل نے بتایا کہ ارشد شریف کی میت آج پاکستان پہنچ جائے گی، ہماری استدعا ہے کہ قتل کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ انکوائری کے معاملے پر صحافتی تنظیموں کو آن بورڈ رکھا جائے، اس مرحلے پر کمیشن بنانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ کینیا کی حکومت کی جانب سے رپورٹ آجائے گی، اگردرخواست گزارکو کینیا کی رپورٹ پراعتراض ہوا توکیس مزید سن لیا جائے۔
ارشد شریف کے وکیل شعیب رزاق نے کہا کہ سینئر صحافی کے قتل کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کی استدعا ہے، اس پر جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ دو مختلف ملکوں کا معاملہ ہے، ریاست کے ادارے بہتر طور پر اس معاملے کو حل کرسکتے ہیں۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔