راولپنڈی: (دنیا نیوز) متروکہ وقف املاک راولپنڈی نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو 7 روز میں لال حویلی خالی کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا لال حویلی سمیت متروکہ وقف املاک کی 7 اراضی یونِٹس پر قبضے کے معاملے پر متروکہ وقف املاک راولپنڈی نے شیخ رشید اور انکے بھائی شیخ صدیق کو اراضی خالی کرنے کا نوٹس بے دخلی جاری کردیا۔
متروکہ وقف املاک کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر آصف خان کی جانب سے یہ نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں شیخ رشید اور ان کے بھائی سے کہا گیا ہے کہ آپ کو پہلے بھی اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا گیا لیکن نہ آپ پیش ہوئے اور نہ حویلی کے بقایا جات ادا کیے اس لیے آپ حویلی کے قبضے سے قانونی طور پر بے دخل ہوچکے ہیں۔
ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر نے کہا ہے کہ سات روز میں یہ حویلی خالی کردی جائے بصورت دیگر پولیس کی مدد سے اسے خالی کرایا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر نے پولیس کو بھی تعاون کے لیے خط لکھ دیا ہے جس میں ان سے 19 اکتوبر کو معاونت طلب کی گئی ہے۔
شیخ رشید نے اس معاملے پر کہا ہے کہ یہ لوگ لال حویلی کے پیچھے پڑے ہیں، قانونی اور آئینی طور پر اس پر ہمارا حق ہے۔