لاہور: (دنیا نیوز)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کے اجلاس میں وزراء کا سوشل میڈیا کے نوجوانوں کے ایف آئی اے کی گرفتاریوں میں پولیس کی معاونت پر سخت ردعمل سامنے آگیا، آئی جی پنجاب پولیس سے وضاحت طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا، رات گئے کابینہ کی جانب سے آئی جی کو لیٹر لکھ دیا گیا۔
دورہ لاہور کے دوران چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت پنجاب کابینہ کے وزراء اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے، پنجاب کابینہ کے ارکان نے سوشل میڈیا کے نوجوانوں کی گرفتاری میں پولیس کی ایف آئی اے کی معاونت پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔
اجلاس میں پنجاب کابینہ ارکان نے آئی جی پنجاب سے پولیس معاونت پر وضاحت طلب کرنے کا فیصلہ کیا جس پر عمل کرتے ہوئے رات گئے حکومت پنجاب نے کابینہ ارکان کے فیصلے کی روشنی میں لیٹر لکھ دیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ آئی جی پنجاب پولیس اس بات کی تحقیق کریں کہ ایف آئی اے نے کیا ایکشن کی اجازت لی، پنجاب پولیس نے ایف آئی اے کے ساتھ بلا اجازت کیسے گرفتاری اور غیرقانونی کام میں معاونت کی؟، ایلیٹ فورس کی گاڑیاں کس طرح اس غیر قانونی آپریشن میں بلااجازت استعمال ہوئیں؟۔
پنجاب کابینہ کے ارکان نے اظہار تشویش کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پولیس کا کسی ماورائے قانون ایکشن میں تعاون قابل قبول نہیں۔