کسان ڈٹ گئے، مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان

Published On 30 September,2022 12:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کسانوں کا دھرنا اسلام آباد میں تیسرے روز بھی جاری ہے، بجلی کے بلوں میں اضافہ، کھاد کی بلیک میں فروخت کے خلاف کسان ڈٹ گئے۔

اسلام آباد میں کسانوں کا دھرنا تیسرے روز بھی جاری ہے، کسان اتحاد یونین اپنے مطالبات کے حق میں سراپا احتجاج ہیں، خیابان چوک میں کسان دھرنے کے چاروں اطراف کنٹینرز رکھ دیئے گئے۔

رہنما کسان اتحاد کا مطالبہ ہے کہ وفاقی حکومت ہمیں فی یونٹ کی قیمت مختص کرکے دے تب ہم احتجاج ختم کریں گے، ہمارا احتجاج پرامن ہے، ہمیں کوئی جلدی نہیں، اپنا حق لے کر یہاں سے اٹھیں گے۔

کسانوں کا کہنا ہے کہ بجلی کے بلوں میں اضافہ واپس لیا جائے، کھاد کی قیمتوں میں کمی اور بلیک میں فروخت کرنیوالوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

کسانوں نے گزشتہ روز ہونے والے مذاکرات پر حکومتی نوٹیفکیشن کو بھی مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کے یونٹ پر فکس ریٹ دیا جائے۔