اسلام آباد: (دنیا نیوز)ملک بھر سے آئے کسانوں نے مہنگی بجلی و کھاد کے خلاف اسلام آباد میں دھرنا جاری ہے، مظاہرین کا کہنا ہے کہ اگر مطالبات نہ مانے گئے تو ڈی چوک کی طرف جائیں گے۔
مطالبات کی منظوری کے لئے کسانوں کا جناح ایونیو پر احتجاج اور دھرنا جاری ہے، کسانوں نے فیصل ایونیو پررکھے کنٹینر اور خاردار تاریں ہٹا دیں اور ڈی چوک کی جانب پیش قدمی کی کوشش کی، اسلام آباد پولیس نے کسانوں کو ڈی چوک جانے سے روک دیا۔
انتظامیہ نے متعدد بار مذاکرات کی کوشش کی تاہم تاحال حکام کامیاب نہ ہو سکے، اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے مظاہرین کو متبادل جگہ کی بھی پیشکش کی گئی تاہم وہ دھرنے پر مصروف ہیں۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت کےعلاقے بلیو ایریا جانے والے راستے بند ہونے کے باعث اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے، زیرو پوائنٹ سے فیصل ایونیو جانے والا راستہ بند ہونے کے باعث شہریوں کو شدید ٹریفک جام کا سامنا ہے، کسان احتجاج کے باعث سرینگر ہائی وے پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
کسانوں کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بجلی کے بلوں میں شامل اضافی ٹیکس کو فی الفور ختم کیا جائے اور بلیک میں کھاد بیچنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو ہم ڈی چوک کی طرف جائیں گے اور جب تک ہمارے مطالبات نہیں مانے جاتے ہم دھرنے پر ہی رہیں گے۔