لندن:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بدترین سیلاب کے باعث ملک کو شدید تباہی کا سامنا ہے، اس وقت تمام تر توجہ متاثرین کی بحالی اور معیشت کی بہتری پر مرکوز ہے، 70 ارب روپے مختص کر دیئے، عالمی برادری بھی بھرپور مدد کررہی ہے، بے گھر ہونے والوں کی دوبارہ آباد کاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، کوشش ہے بحالی کا عمل جلد مکمل ہوجائے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دوست ممالک سیلاب متاثرین کی مدد کر رہے ہیں، امدادی سامان ہوائی جہازوں، ٹرینوں اور بحری جہازوں کے ذریعے پہنچ رہا ہے، پاکستان کے عوام بھی عطیات دے رہے ہیں اور وفاقی اور صوبائی حکومتیں سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اتحادی وفاقی حکومت نے سیلاب متاثرین کے لئے 70 ارب روپے مختص کیے ہیں اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ذریعے متاثرہ خاندانوں کو 25 ہزار روپے دیئے جارہے ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت قومی اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے ذریعے سیلاب متاثرین کو صاف پانی، خوراک، خیمے اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کر رہی ہے، پوری قوم اور مسلح افواج سیلاب متاثرین کی مدد کر رہی ہیں۔