لاہور:(دنیا نیوز) مشیر اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے سیاسی استحکام کا فارمولہ دیا، ویلکم کرنے کے بجائے مزید سازشیں کی جارہی ہیں، جتنی جلدی ممکن ہو سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر الیکشن کے حوالے سے بات چیت کرنی چاہیے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ پروفیسر شہباز شریف بیانات دیتے ہیں کہ سب مل کر کام کریں، عمران خان نے دو مرتبہ ٹیلی تھون کی، وفاقی حکومت نے ٹیلی تھون کو میڈیا پر روکا، ہم نے وفاقی حکومت سے 10 لاکھ ٹن لوکل گندم مہیا فراہم کرنے کا کہا، چوں، چوں کے مربہ کا مشن اپنی کرپشن بچانا ہے، عمران خان نے مشکل کی گھڑی میں ایک فارمولہ دیا، اب وفاقی حکومت حیلے، بہانے ڈھونڈ رہی ہے، پی ڈی ایم ٹولے کا مقصد صرف اورصرف اقتدارسے چمٹے رہنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب یہ مذاکرات سے فرار کا راستہ ڈھونڈ رہے ہیں، جتنی جلدی ہو سیاسی جماعتوں کو الیکشن کے حوالے سے بیٹھ کر بات کرنی چاہیے، عمران خان کے فارمولے کو ویلکم کرنے کے بجائے مزید سازشیں کی جارہی ہیں، وفاقی حکومت کا پنجاب کے ساتھ جانبدارانہ رویہ ہے، ایسا رویہ وفاقی حکومت کی نفرت اور بغض کو واضح کرتا ہے، پنجاب کےعوام سے بدلہ لیا جا رہا ہے،عمران خان نے سیاسی استحکام کے لیے فارمولہ دیا، حکومت کے پاس اقتدارمیں رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں، جوگاڑیوں کے پاس معیشت کو ٹھیک کرنے کا کوئی فارمولہ نہیں، پنجاب حکومت کی طرف سے کسی افسر پرکوئی دباؤنہیں۔
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ نوسر باز ٹولے نے اقتدار میں آکر اپنی چوریاں معاف کرائیں، سیلاب کے بعد اب فوڈ سکیورٹی کا مسئلہ درپیش آسکتا ہے، جب سے یہ حکومت آئی معاشی تباہی کا آغاز ہوگیا تھا، پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے، ڈھٹائی، بے حسی کے ساتھ عوام کی مشکلات میں آئے روز اضافہ کیا جارہا ہے، مشکلات سے نکلنے کا واحد راستہ صاف اور شفاف الیکشن ہے۔