اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی رہنما و سابق وزیر فواد چودھری نے شہباز گل پر مبینہ تشدد کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کردیا۔
اسلام آباد کی عدالت کے باہر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کے کیس پر تین گھنٹوں کے طویل دلائل دیے گئے، امید ہے عدالت مزید ٹارچر کے لیے شہبازگل کو پولیس کے حوالے نہیں کرے گی، ججز انسانی حقوق کی حفاظت کے لیے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کا اثاثہ ہیں، ان کی آواز پر پورے ملک میں لوگ اکٹھے ہوتے ہیں، اڈیالہ جیل میں تحریک انصاف کے رہنماؤں کو شہبازگل سے ملنے سے روکا گیا، شہباز گل جو سب سے بڑی جماعت کے لیڈر کا چیف آف سٹاف تھا اس کو اٹھا لیا گیا، اس پر تشدد کیا گیا جس کی جوڈیشل انکوائری کی جائے۔
فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ حسن نواز کے بجائے شہزاد اکبر کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا، سوشل میڈیا مہم سے پی ٹی آئی کو جوڑنا غلط ہے۔