اسلام آباد: (دنیا نیوز) اداروں میں بغاوت پر اکسانے کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے سیشن کورٹ میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کردی۔
پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے وکیل فیصل فرید چوہدری اور علی بخاری کے ذریعے درخواست دائر کی۔
شہباز گل نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ حکومت نے پی ٹی آئی کے ساتھ حساب برابر کرنے کے لیے جھوٹا مقدمہ درج کیا، تفتیش میں پولیس مجھ پر کوئی الزامات ثابت نہیں کر سکی۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے جھوٹی ایف آئی آر درج کی گئی، شہباز گل کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کی جائے اور ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔
رہنما پاکستان تحریک انصاف شہباز گل کی درخواست پر عدالت نے پولیس کو 15 اگست کیلئے نوٹس جاری کر دیا اور پیر تک جواب بھی طلب کر لیا ہے۔