اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان ہندوستان کی ریاستی دہشتگردی کا شکار رہا ہے، ملک میں بھارتی دہشتگردی کے ٹھوس شواہد عالمی برادری سے شیئر کیے گیے ہیں۔
ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ 5 اگست کو ملک بھر میں یوم استحصال کشمیر منایا گیا، 5 اگست کو بھارت کے مقبوضہ کشمیر پر یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کو 3 سال مکمل ہوئے، بھارت مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مکمل خلاف ورزی کر رہا ہے، 5 اگست کو دفتر خارجہ کی طرف سے یکجہتی واک کا اہتمام کیا گیا۔
عاصم افتخار نےکہا کہ یکجہتی واک کی قیادت سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے کی جبکہ وزیر دفاع اور وزیر ناصر کشمیر نے خصوصی شرکت کی، تین سالوں میں مقبوضہ کشمیر میں 650 کشمیری شہید کیے گیے، رواں سال 30 مظلوم کشمیری بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہوئے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ رواں ہفتہ وزیراعظم کی متحدہ عرب امارات کے صدر سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے آسیان فورم میں شرکت کی، اس دوران انکی کی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوئیں، ملاقاتوں کے دوران وزیر خارجہ نے اے آر ایف کی اہمیت اور پاکستان کے کرادر پر بات چیت کی، بھارتی میڈیا کی جانب سے گمراہ کن اور جھوٹا بیانیہ سامنے آیا ہے، بھارت اقوام متحدہ انسداد دہشتگردی طریقہ کار کو سیاست کی نذر کر رہا ہے، بھارت کے اس رویے کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نےکہا کہ پاکستان ہندوستان کی ریاستی دہشتگردی کا شکار رہا ہے، ملک میں بھارتی دہشتگردی کے ٹھوس شواہد عالمی برادری سے شیئر کیے گیے ہیں، پاکستان نے حال ہی میں بھارتی شہری گوبندا بدنائیک پر پابندی کے لیے 1267 پابندیوں کی کمیٹی میں پر زور انداز سے معاملہ اٹھایا، ہندوستانی شہری گوبندا بدنائیک پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث تھا، اقوام متحدہ کی پابندیوں کی کمیٹی نے پاکستان کا قانونی کیس مسترد کیا، یہ بھارت کا دوہرا معیار ہے۔