راولپنڈی:(دنیا نیوز) شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 6 دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان فرض پر قربان ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیا گیا، کاروائی میں 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا گیا، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے، فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان شہید ہوگیا، لانس نائیک اسلام الدین کی عمر 34 سال اور تعلق ضلع خیبر سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشتگردوں کو ختم کیا جاسکے۔
قبل ازیں پاک فوج نے شمالی وزیرستان کےعلاقے دتہ خیل میں ہی دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کیا جس میں فائرنگ کے تبادلے میں 4 امن دشمن مارے گئے۔