شہباز صرف سی ڈی اے کے وزیراعظم اسمبلیاں توڑ کر الیکشن کا اعلان کریں:شیخ رشید

Published On 18 July,2022 02:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر داخلہ و سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ شہبازشریف اب صرف سی ڈی اے کے وزیراعظم رہ گئے، شہبازشریف صاحب اسمبلیاں توڑیں، الیکشن کا اعلان کریں اور عبوری حکومت قائم کی جائے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ خوشی ہے عوامی جذبات کو سمجھ لیا گیا ہے، اب کوئی حل نہیں، شہباز شریف اسمبلیاں توڑ کر الیکشن کا اعلان کریں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بہتر فیصلہ کرتی تو لاہور سے چوتھی نشست بھی جیت جاتی، گزشتہ روز کے الیکشن سے اسٹیبلشمنٹ کو بھی عزت ملی، آج عمران خان پاکستان نہیں عالم اسلام کی آواز ہے، حکومت نے نیب قانون میں بڑی اہم ترمیم کی ہے۔

شیخ رشید نے کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے قسط ملنی ہے نہ ہی کسی ملک نے ان کو پیسے دینے ہیں، لکشمی چوک پر مسلم لیگ ن کا سیاسی جنازہ نکلا، آصف زرداری خود کو صدر اور بیٹے کو وزیراعظم بنوانا چاہتے ہیں، پہلے ہی کہا تھا کہ 15 جولائی سے 30 اگست تک ملک کے اہم فیصلے ہوجائیں گے۔

سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ حکومت نے ہم پر ایک جیسے مقدمات مختلف تھانوں میں درج کیے، انہوں نے الزام لگایا کہ وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ منشیات کیس میں ملوث ہیں، راناثنا اللہ نے میری تینوں بہنوں کے گھروں پر چھاپے مارے۔