لاہور ہائیکورٹ کا محکمہ انٹی کرپشن کو شیخ رشید کو ہراساں نہ کرنے کا حکم

Published On 15 July,2022 12:48 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ انٹی کرپشن کو سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو ہراساں کرنے سے روک دیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں شیخ رشید کی انٹی کرپشن میں طلبی کے خلاف دائر درخواست پر جسٹس فاروق حیدر نے سماعت کی، عدالت نے انٹی کرپشن کو شیخ رشید کو غیر قانونی ہراساں کرنے سے روک دیا ۔عدالت نے 27 جولائی کو انٹی کرپشن سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔

دوران سماعت شیخ رشید کے وکیل نے موقف اختیار کیاکہ زمین کا سودا ہوا ہے، ابھی ادائیگی ہونا باقی ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ ابھی دس سے پندرہ فیصد بیعانہ ہوا ہے ، زمین کا قبضہ ابھی بھی میرے پاس ہے، جس کو زمین فروحت کی ہے اس نے 80 فیصد ادائیگی کرنی ہے۔ یاد رہے کہ شیخ رشید کو محکمہ انٹی کرپشن نے آج طلب کر رکھا ہے۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ صاف شفاف ضمنی الیکشن ہونے دیئے جائیں، اگر عمران خان نے کال دی تو نتیجہ کسی کے لیے بھی اچھا نہیں ہوگا۔