لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت جو بھی ہتھکنڈے اپنالے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ امید ہے 16 نشستوں پر بھرپور کامیاب ہو گی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا کہ پنجاب میں ضمنی الیکشن کی ابتدا ہی دھاندلی سے ہوئی ہے، الیکشن کمیشن خود ہی دھاندلی کررہا ہے، الیکشن کمیشن کہتا ہے جب ہم ہیں تو کسی کو دھاندلی کی ضرورت نہیں ہے، الیکشن کمیشن کے ہر فیصلے کو عدالتوں میں مسترد کیا گیا، آج عدالت نے پولنگ ایجنٹ دوسری جگہ سے نہ لینے کا بھی فیصلہ معطل کردیا، الیکشن کمیشن کا کل کا فیصلہ بھی عدالت نے مسترد کیا، الیکشن کمیشن سے کوئی پوچھنے والا ہی نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بجٹ اجلاس نہیں ہوا اس وقت جو بھی خرچہ ہورہا ہے غیر قانونی ہے، پنجاب میں جہازوں کو رکشہ بنایا گیا ہے، انتخابی مہم ہیلی کاپٹرز پر چل رہی ہے، وقت آنے پر یہ سارے حساب کتاب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کوئی بھی پی ٹی آئی میں شامل ہوتا ہے تو اسے بڑا مجرم بنادیا جاتا ہے، پی ٹی آئی امیدواروں پر جعلی کیسز بنائے جارہے ہیں، پی ٹی آئی امیدواروں کو روکنے کیلئے ریاستی مشینری استعمال کی جارہی ہے۔ پنجاب میں غیرقانونی گرفتاریاں کی جارہی ہے، جو بھی پی ٹی آئی کی حمایت کررہا ہے اسے گرفتار کرلیا جاتا ہے، انتخابی مہم میں متحرک لوگوں کو بھی جعلی کیسز میں پھنسایا جارہا ہے۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ جمہوریت میں اکثریت دکھا کر آنا پڑتا ہے، حمزہ شہباز کو آمریت کا شوق ہے تو الگ بات ہے، یہ جو بھی ہتھکنڈے اپنالیں ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی، ہمیں امید ہے تحریک انصاف 16 نشستوں پر بھرپور کامیاب ہو گی۔