اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو لاہور کیمپ آفس قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹرز کی حفاظت کے لئے فوج و رینجرز کے جوانوں کی تعیناتی ضروری ہے۔
دوسری طرف سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان لاہور پہنچ گئے۔ ضمنی انتخابات کے لئے سکیورٹی اور اتوار کو ہونے والے الیکشن انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے الیکشن کمشنر کے دفترمیں کیمپ آفس قائم کردیا گیا ہے۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن خان نے کہا کہ یہ فیصلہ امن و امان کی ممکنہ صورتحال کے باعث کیا گیا۔ الیکشن کے دوران کسی قسم کی بدامنی برداشت نہیں کرینگے اورتخریبی عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام ریاستی اداروں کی بھرپور مدد حاصل ہے۔ بہتر انتظامات اور مکمل سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ عوام بلا خوف و خطر گھر سے باہر نکلیں اور ووٹ ڈالیں۔