لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں ضمنی انتخابات کے لیے لاہور کے حلقہ پی پی 168 میں ایک شخص سے شناختی کارڈ ملنے کے معاملے پر زیرحراست شخص کی فرخ حبیب کے ساتھ مبینہ واٹس ایپ گفتگو لیک ہوگئی۔
ملزم نے پی ٹی آئی رہنما حافظ فرحت عباس سے مبینہ طور پرگفتگو کی۔ ملزم نے گزشتہ رات تمام شناختی کارڈزمبینہ طور پر فرخ حبیب کو بھیجے۔
ملزم اور پی ٹی آئی رہنما حافظ فرحت کے درمیان چیٹ مئی میں شروع ہوئی۔ ملزم نے حافظ فرحت کو مبینہ طور پر سینکڑوں شناختی کارڈ خرید کر بھیجے گئے۔
فرخ حبیب نے ملزم خالد سندھو کو جون میں واٹس ایپ میسج کیا۔ واٹس ایپ چیٹ کے مطابق فرخ حبیب نے ملزم کو اپنے گھر پر بلایا۔ ملزم نے بتایا کہ وہ گزشتہ رات تک 7 ہزار ووٹ خرید چکا تھا۔
فرخ حبیب رد عمل
دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما فرخ حبیب نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان الزامات میں کوئی سچائی نہیں، یہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ڈرامہ کیا گیا، میں اس شخص کو جانتا ہی نہیں، مخالفین نے ان لوگوں کو پلانٹ کیا ہواہے، روزانہ سیکڑوں لوگوں سے بات ہوتی ہے۔
حافظ فرحت جاوید
اُدھر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حافظ فرحت جاوید نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے پاس حرام پیسے نہیں کہ ہم ووٹ خریدیں، ہم تو جیتے ہوئے ہیں جنہیں ہارنے کاخوف ہو ووٹ وہ خریدتے ہیں، میں کسی کو کوئی ہدایات نہیں دیں، مجھے بتایا گیا ن لیگ کے لوگ پیسوں کے عوض ووٹ دینا چاہتے ہیں، میں نے صاف کہا ہمیں ایسے ووٹوں کی ضرورت نہیں۔
الیکشن کمیشن نوٹس
اُدھر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے زیرحراست شخص کی فرخ حبیب کے ساتھ مبینہ بات چیت کا نوٹس لے لیا اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر سے رپورٹ طلب کرلی۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ رپورٹ موصول ہونے کے بعد کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔