کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بارشوں سے متاثرہ جن سڑکوں کی مرمت کا کام ہونا ہے وہ فوری شروع کریں، چیف سیکریٹری سندھ کو کورنگی کازوے پر کام شروع کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت اجلاس میں صوبائی وزرا، چیف سیکریٹری سندھ سہیل راجپوت، کمشنر کراچی اقبال میمن شریک ہوئے۔ اجلاس میں بارشوں سے شہر میں پانی کی نکاسی اور انفراسٹرکچر کی مرمت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف سیکریٹری سندھ نے بتایا کہ ٹاور، میمن مسجد، کے ایم سی بلڈنگ کے قریب، کھارادر، وزیر مینشن اور کچھ دیگر علاقوں میں پانی موجود ہے۔
مراد علی شاہ نے واٹر بورڈ کو ہدایت کی کہ پانی کی نکاسی کو یقینی بنائیں، وزیر بلدیات نے بتایا کہ پمپنگ سٹیشن پر کچھ مسائل تھے اب وہ ٹھیک کر دیئے ہیں، شرجیل میمن نے کہا کہ کے پی ٹی انڈرپاس کلیئر ہوگیا ہے صرف اس کی صفائی کا کام جاری ہے، میٹروپول، سندھی مسلم سوسائٹی، کریم آباد کے علاقوں میں نکاسی آب کی لائن کو نقصان پہنچا، تین لائنز ٹھیک کی گئی ہیں اور تین پر کام ہورہا ہے۔
چیف سیکریٹری سندھ نے بتایا کہ کورنگی کازوے کے بند ہونے سے ٹریفک کا مسئلہ بنا ہوا ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے کورنگی کازوے پر کام شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جہاں بھی سڑکوں کی مرمت کا کام ہونا ہے وہ فوری شروع کریں، مراد علی شاہ نے کہا کہ چھوٹے پمپوں کے ذریعے گلیوں سے پانی کی فوری نکاسی کریں۔