کوئٹہ: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے بلوچستان میں 14 جولائی سے مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی، بارشیں 17 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، جون سے اب تک بارشوں سے صوبے میں 64 افراد جاں بحق اور 730 مکانات کو نقصان پہنچا۔
بلوچستان میں مون سون کی بارشوں سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا، محکمہ موسمیات کی جانب سے صوبے میں مزید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کر دی گئی ہے، بلوچستان میں 14 سے 17 جولائی تک ژوب، زیارت، بارکھان، لورالائی، بولان ،کوہلو، قلات، خضدار،لسبیلہ، آواران ، جھل مگسی، جعفر آباد، ڈیرہ بگٹی،سبی، پنجگور، تربت اورپسنی میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھاربارش کا امکان ہے جس سے نشیبی علاقے زیر آب آنے اور ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خطرہ ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے کی جانب سے حالیہ بارشوں سے ہونیوالے نقصانات کی رپورٹ جاری کی گئی ہے جس کے مطابق یکم جون سے اب تک بلوچستان میں بارشوں سے 64 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 18 مرد، 24 خواتین اور 22 بچے شامل ہیں جبکہ بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 49 افراد زخمی ہوئے اور 730 مکانات کو نقصان پہنچا، بارشوں سے کوئٹہ، ژوب، پشین، ہرنائی، بارکھان، کوہلو، کیچ، لورالائی اور قلعہ سیف اللہ زیادہ متاثر ہوئے۔