کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں گذشتہ روز موسلادھار بارش کے بعد کراچی والوں کی مشکلات کم نہ ہوئیں، نشیبی علاقوں اور کئی شاہراہوں پر پانی تاحال موجود ہے جس کے سبب شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شارع فیصل ایف ٹی سی ، کالا پل،قیوم آباد سمیت کئی علاقوں سے اب تک پانی نکالا نہ جاسکا، سڑکوں پر حکومتی مشینری نہ ہونے کے برابر ہے، شہریوں کے لئے عید حکومت نے اذیت ناک بنا دی۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے اگلے اڑتالیس گھنٹوں کے دوران سندھ میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ کراچی، حیدر آباد،میر پور خاص، سکھر اور لاڑکانہ میں بادل جم کر برسنے کا امکان ہے، شہر قائد میں ہوا میں نمی کا تناسب 65فیصدہے جبکہ زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت 30سے32ڈگری رہنے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے بادل برسنے کی صورت میں احتیاطی تدابیر اپنانے کا الرٹ جاری کر دیا۔
جماعت اسلامی کراچی کے ناظم حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ بارشوں کے باعث لوگ پریشانی میں مبتلا ہیں، پیپلزپارٹی کے پاس سب سے زیادہ طاقت ہے لیکن کراچی ڈوب رہا ہے، ایم کیوایم کو بھی عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں، مرتضیٰ وہاب بتائیں کون سے نالوں کی صفائی ہوئی۔