کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پانی کے نکلنے کے راستوں پر تجاوزات ہیں انہیں رضاکارانہ طور پر ہٹانا چاہیے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ حالیہ بارش سے کراچی کا جنوبی علاقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں پندرہ گھنٹوں میں 233 ملی میٹر بارش ہوئی۔ نکاسی آب کے نظام کو ٹھیک کر رہے ہیں، جس جگہ پانی کے نکلنے کے راستوں پر تجاوزات ہیں انہیں رضاکارانہ طور پر ہٹانا چاہیے تاکہ شہر میں صورتحال بہتر ہو۔ میرا بھی اور مجھ سے پہلے آنے والوں کا بھی قصور ہے۔ ہم نے پانی کے راستے بند کر دیے۔
انہوں نے کہا کہ بارشوں کے دوران 29 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ آج دو افراد کے مارے جانے کی رپورٹ ہوئی ہے جن میں سے ایک کی تصدیق کرنا باقی ہے۔ بارش تھمنے کے بعد ریلیف کا کام شروع کیا تھا لیکن اس کے باوجود اداروں کو مشکل پیش آ رہی ہے۔ بارش کا سلسلہ ابھی جاری ہے تاہم پوری کوشش ہے کہ سڑکوں سے پانی نکال دیں۔
انہوں نے سابق حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ’گرین لائن کی وجہ سے انہوں نے نالے بند کر دیے تھے جو ہم نے کھلوا دیے ہیں۔‘ اس مرتبہ کراچی میں ریکارڈ بارش ہوئی ہے۔ ہر دفعہ کوشش کرتے ہیں کہ غلطیوں سے سیکھ کر آئندہ بہتر اقدامات کریں۔ صوبائی حکومت نے ضلعی انتظامیہ سے کہا ہے کہ جب تک لوگوں کے گھروں سے پانی نہیں نکلتا انہیں عارضی طور پر کہیں اور منتقل کیا جائے۔ جو رکاوٹیں نکاسی آب کے مسائل پیدا کرتی ہیں انہیں گرانے کا کام شاید ہمیں خود ہی کرنا پڑے۔