لاہور: (ویب ڈیسک) کراچی میں بدترین بارشوں کے باعث ایک اور تیز بارشیں برسانے والا سسٹم شہر قائد کراچی کی جانب بڑھنے لگا۔
محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ ایک اور تیز بارشیں برسانے والا سسٹم کراچی کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ایک سٹرانگ سسٹم ایسٹرن انڈیا پر موجود ہے جو راجستھان سے آگے پاکستان میں داخل ہو گا۔ نیا تیز بارشیں برسانے والا سسٹم 18 یا 19 جولائی تک چلے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے تین روز تک ملک کے مختلف حصوں میں بارش کا امکان ہے۔ اس موسلا دھار بارش کے باعث خاران، قلات، لسبیلہ، نصیر آباد، گوادر، پنجگور، تربت، آواران، کراچی، ٹھٹھہ، بدین، بالائی پنجاب، اسلام آباد/راولپنڈی، پشاور، صوابی، مردان اور کوہاٹ میں نشیبی علاقے زیر آب آنے اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
سوموار کے روز اسلام آباد، بالائی /وسطی پنجاب، خیبر پختونخوا، شمالی وسطی بلوچستان، زیریں سندھ اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، خطہ پوٹھوہار، وسطی بلو چستان اور سندھ کے ساحلی علاقوں میں موسلا دھار بارش کی بھی توقع ہے۔
سندھ میں اگلے تین روز تک کراچی، ٹھٹھہ، حیدر آباد، بدین، مٹھی، تھرپارکر، عمر کوٹ، اسلام کوٹ، سانگھڑ، خیر پور، شہید بینظیر آباد، جامشورو، میر پور خاص اوردادو میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی سوات، بونیر، مالاکنڈ، دیر ، ایبٹ آباد،مانسہرہ، بالاکوٹ ، کوہستان، شانگلہ، پشاور، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، صوابی، کرم، کوہاٹ ،وزیرستان، بنوں اور ڈی آئی خان میں بارشوں کی توقع ہے۔
بلوچستان میں خضدار، قلات، کوئٹہ، لسبیلہ، پنجگور، آواران، خاران، ژوب، بارکھان، واشک، نصیر آباد، مکران، تربت اورگوادر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی بھی توقع ہے۔ اس دوران خاران قلات، خضدار، پنجگور اور آواران میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
پنجاب میں راولپنڈی، مری، اٹک، جہلم، چکوال،گجرات، گوجرانوالا، سیالکوٹ، نارووال، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، بھکر،لاہور، فیصل آباد، جھنگ، ساہیوال اور وہاڑی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ خطہ پوٹھوہار، سیالکوٹ اور نارووال میں موسلا دھار بارش متوقع ہے جبکہ ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں بھی شام/رات کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔