حالیہ مون سون بارشیں، مردان اور باجوڑ میں چھت گرنے سے 2 خواتین جاں بحق

Published On 11 July,2022 02:28 pm

لاہور: (دنیا نیوز) حالیہ مون سون بارشوں کے دوران ریسکیو1122 کی امدادی کاروائیاں جاری ہیں، مردان اور باجوڑ میں چھت گرنے سے 2 خواتین جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی بھی ہوئے۔

ڈاکٹر خطیر احمد ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 کے مطابق حالیہ مون سون بارشوں کے دوران ریسکیو 1122 کی امداد کاروائیاں جاری ہیں۔ اب تک مردان اور باجوڑ میں چھت گرنے سے 2 خواتین جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی بھی ہوئے جبکہ ڈیرہ اسماعیل، ٹانک اور صوابی کے مختلف علاقوں میں سیلابی ریلے گزر رہے ہیں۔ ٹانک میں نندور اور پائی میں عوام الناس کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔

ڈی آئی خان کی تحصیل پہاڑ پور کاٹھ گڑھ گاؤں میں بھی امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ ادارے کی سرگرمیاں صوابی میں کنڈ موڑ، انبار، ذکریا شیخ، بیکے کلے، چھوٹا لاہور، مانکی اور مرغز کے علاقوں میں جاری ہیں۔