لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 5 نو منتخب اراکین پنجاب اسمبلی نے حلف اٹھا لیا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی نے نو منتخب اراکین سے حلف لیا، خواتین نشستوں پر بتول زین، سائرہ رضا اور فوزیہ عباس نے حلف اٹھایا۔
جبکہ پنجاب اسمبلی کی اقلیتی نشستوں پر حبکوک رفیق اور سیموئیل یعقوب نے حلف اٹھایا ہے۔
حلف اٹھانے والے اراکین اسمبلی نے اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کا ان پر اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کیا اور اپنے بھر پور تعاون کی یقین دھانی کرائی۔
اس موقع پر ارکان کا کہنا تھا کہ وہ 22 جولائی کو وزیر اعلی کے الیکشن میں نئے پاکستان کو ووٹ دیں گے اور عمران خان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
سپیکر چودھری پرویز الٰہی نے ایوان میں سابق رکن اسمبلی جاوید ممتاز مرحوم کے لئے دعائے مغفرت بھی کروائی۔