شیریں مزاری کی گرفتاری، عمران خان کا رد عمل سامنے آ گیا

Published On 21 May,2022 05:05 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان نے شیریں مزاری کی گرفتاری کے بعد احتجاج کا اعلان کر دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ تحریک انصاف کے سینئر رہنما شیریں مزاری کو اس فسطائی حکومت نے گھر کے باہر سے اغوا کر لیا۔ وہ مضبوط اور نڈر خاتون ہیں، اگر امپوٹڈ حکومت سمجھتی ہے وہ اسے اس فسطائیت سے مجبور کر سکتی ہے، تو انہوں نے غلط اندازہ لگایا ہے۔

پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ ہماری تحریک مکمل طور پر پُرامن ہے لیکن یہ فاشسٹ امپورٹڈ حکومت ملک کو انتشار کی طرف دھکیلنا چاہتی ہے۔ معیشت کو یکدم گرا دینا کافی نہیں تھا، اب یہ انتخابات سے بچنے کے لیے انارکی پھیلانا چاہتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ آج ہم احتجاج کریں گے اور کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد اپنے لانگ مارچ کا اعلان کروں گا۔

ٹویٹر پر انہوں نے شیری مزاری کو رہا کرنے کا ٹیگ بھی استعمال کیا۔

اسد عمر

سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کی گرفتاری پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا۔

پارٹی رہنما اسد عمر نے اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹڑ پر ایک پیغام بھی جاری کیا۔

اسد عمر نے تحریر کیا کہ شیریں مزاری کو غیر قانونی طور پر حراست میں لینے پر پارٹی کے کارکنان پاکستان بھر میں آج شام احتجاج کریں گے۔

فواد چودھری

پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ ڈاکٹر شیریں مزاری  کی بہیمانہ گرفتاری کے خلاف تحریک انصاف نے پورے ملک میں احتجاج کی کال دی ہے، کارکنوں سے گزارش ہے شام سات بجے پورے ملک میں اپنی مقامی قیادت کی ھدایات کی روشنی میں احتجاج کیلئے باہر نکلیں۔