اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم عمران خان نے تحریک عدم اعتماد کی ووٹنگ اورڈپٹی سپیکرکی رولنگ سے متعلق فیصلے پرسپریم کورٹ میں نظرثانی اپیل دائرکر دی۔
عمران خان نے اپیل میں استدعا کی ہے کہ 7 اپریل کے فیصلے میں کئی سقم ہیں، جن پر نظر ثانی کی ضرورت ہے، سپریم کورٹ نے سات اپریل کو عدم اعتماد کی تحریک پر 9 اپریل کو ووٹنگ کرانےکا حکم دیا تھا۔ اسمبلی کی کارروائی کے دوران ڈپٹی اسپیکر نے آئین کے آرٹیکل پانچ پرعمل درآمد کیا۔ درخواست گزار جو کہ حکومت کے سربراہ تھے ان کا ڈپٹی اسپیکر کے اقدامات کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔
اسد قیصر اور قاسم سوری کا اپیل میں کہنا ہے کہ عدالت اسپیکر یا ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کا جائزہ نہیں لے سکتی، سات اپریل کے فیصلے کے ذریعے اختیارارت کی تقسیم کے آئینی اصول سے انحراف کیا گیا، عدالتیں پارلیمانی کارروائی پر تجاوز نہیں کرسکتیں، اتوار کو عدالت لگانے کی کوئی ایمرجنسی نہیں تھی۔