عمران خان سے آئندہ الیکشن میں مکمل جان چھوٹ جائے گی: نواز شریف

Published On 10 May,2022 11:34 pm

لندن: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ عمران خان سے آئندہ الیکشن میں مکمل جان چھوٹ جائے گی۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو میں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ہمارا قومی کلچر ہی بگاڑ دیا، پاکستان میں70 سال میں پہلی بار ایسا کلچر دیکھ رہے ہیں۔ عمران خان نے وہ تباہی مچائی ہے، جس کی مثال نہیں ملتی، شکر ادا کرو جان چھوٹی ہے، آئندہ الیکشن میں مکمل جان چھوٹ جائے گی۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ عمران خان کی حکومت نے سیاسی، معاشی، اقتصادی، آئینی اور معاشرتی بحران پیدا کردیا ہے۔ سابقہ حکومت سر سے پاؤں تک بحران پیدا کر کے گئی ہے، وزیراعظم شہباز شریف بدھ کو لندن پہنچیں گے، ان سے اہم امور پر بات چیت ہوگی۔