عمران خان نے سنسرشپ اور پابندیوں کے نئے ریکارڈ قائم کئے: شیری رحمان

Published On 04 May,2022 05:00 pm

کراچی:(دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان نے سنسرشپ اور پابندیوں کے نئے ریکارڈ قائم کئے، میڈیا اور آزادی اظہار کو کچلنے والے عمران خان اب میڈیا پر پیسے لینے اور بلیک آؤٹ کا الزام لگا رہے ہیں۔

ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس 2022 کے اجرا پر پاکستان کی درجہ بندی گرنے کے حوالے سے سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ 2017 میں ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس کی درجہ بندی میں پاکستان 139 ویں نمبر پر تھا، گزشتہ سال اس انڈیکس میں پاکستان 145 ویں نمبر پر تھا، تازہ انڈیکس میں پاکستان 12 درجے مزید گر کر 157ویں نمبر پر آ گیا ہے، کیا گزشتہ 4 سال کے دوران ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس میں پاکستان کی 18 درجے تنزلی کی ذمہ دار بھی ماضی کی حکومتیں ہیں؟۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سنسرشپ اور پابندیوں کے نئے ریکارڈ قائم کئے، میڈیا اور آزادی اظہار کو کچلنے والے عمران خان اب میڈیا پر پیسے لینے اور بلیک آؤٹ کا الزام لگا رہے ہیں، پی ٹی آئی حکومت نے میڈیا ہاؤسز اور صحافیوں پر پابندیوں اور سختیوں کا بدترین مظاہرہ کیا، ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس تحریک انصاف کی میڈیا دشمن اور آزادی اظہار کی مخالف ہونے کا مصدقہ ثبوت ہے، عمران خان اور تحریک انصاف کو میڈیا پر پابندیاں اور قدغنیں لگانے پر معافی مانگنی چاہئے۔