راولپنڈی:(دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 4 امن دشمنوں کو جہنم واصل کر دیا ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، دوران آپریشن فائرنگ کے تبادلے میں مارے جانے والے ایک دہشتگرد کی شناخت زر سعداللہ کے نام سے ہوئی جبکہ باقی تین کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے جانے والے دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ مارے جانے والے دہشتگرد سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔