راولپنڈی:(دنیا نیوز) شمالی وزیر ستان میں افغانستان سے در اندازی کی کوشش ناکام بنادی گئی، وطن کے محافظوں کا منہ توڑ جواب، فائرنگ کے تبادلے میں 4 جوان فرض پر قربان ہوگئے جبکہ دہشتگردوں کو بھی بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 23 اور 24 مارچ کی درمیانی شب دہشت گردوں کے ایک گروپ نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل سے ملحقہ بارڈر سے افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی، فورسز کے دستوں کی چوکنا ہونے اور بروقت جوابی کارروائی کے باعث دراندازی کی یہ کوشش ناکام بنا دی گئی۔
سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا گیا، دہشت گرد ناکام ہو کر فرار ہو گئے اور انٹیلی جنس اطلاعات کے مطابق انہیں بھاگتے ہوئے بھاری جانی نقصان پہنچا، تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران 4 سپاہیوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہیدوں میں گلگت کے 34 سالہ لانس حوالدار وجاہت عالم، شیخوپورہ کے 25 سالہ سپاہی ساجد عنایت، گلگت غذر کے 32 سالہ سپاہی مقبول حیات اور سکردو کے 22 سالہ سپاہی ساجد علی شامل ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔