چودھری پرویز الٰہی کون ہیں؟

Published On 28 March,2022 07:41 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پرویز الہٰی کو وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے نامزد کردیا، وہ دوسری بار صوبے کے چیف ایگزیکٹو منتخب ہوں گے، 1997 میں صوبائی اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوئے، 2002 میں وزیراعلیٰ پنجاب بنے، 2011 میں ڈپٹی وزیراعظم کے عہدے پر فرائض انجام دئیے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی 1945 کو گجرات کی جٹ فیملی میں پیدا ہوئے، ان کے والد چودھری منظور الہیٰ معروف بزنس مین تھے، چودھری ظہور الہٰی سیاسی میدان میں متحرک رہے، چودھری پرویز الہٰی ، چودھری شجاعت حسین نے ظہور الہیٰ کی سیاسی وراثت کو آگے بڑھایا۔

پرویز الہٰی نے 1983 میں گجرات کی ضلع کونسل کے چیئرمین منتخب ہوکر اپنا سیاسی کیرئیر شروع کیا، 1985 میں پہلی بار پنجاب اسمبلی کے رکن بنے، 1988، 1990 اور 1993 میں پھر ایم پی اے منتخب ہوئے، شہباز شریف کی غیرموجودگی میں 1993 سے 1996 تک قائم مقام اپوزیشن لیڈر کی ذمہ داری نبھائی، 1997 کے انتخابات میں پانچویں دفعہ ایم پی اے بنے اور صوبائی اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوئے۔

1999 میں نواز شریف کی حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا، جس کے بعد چودھری شجاعت حسین اور پرویز الہٰی نے مسلم لیگ نون کو چھوڑ کر پاکستان مسلم لیگ ق بنالی، 2002 میں پرویز الہٰی وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے، اکتوبر 2007 میں اسمبلی کی تحلیل تک فرائض انجام دئیے، 2008 میں صوبائی اسمبلی کی نشست پر ساتویں بار کامیاب ہوئے، پہلی بار قومی اسمبلی کی نشست پر بھی فتح حاصل کی، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی حکومت میں وفاقی وزیر صنعت بنے، 2011 میں ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈپٹی وزیراعظم کا عہدہ تشکیل دیا گیا، چودھری پرویز الہٰی ڈپٹی وزیراعظم منتخب ہوئے۔

2013 میں چودھری پرویز الہٰی این اے 105 سے پھر رکن قومی اسمبلی بنے، 2018 میں قومی اسمبلی کی 2 سیٹوں اور پنجاب اسمبلی کی ایک نشست سے کامیاب ہوئے، تحریک انصاف اور ق لیگ کی اتحادی حکومت قائم ہوئی اور پرویز الہٰی نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کے فرائض انجام دئیے۔