اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی میزبانی میں اوآئی سی کے کامیاب انعقاد پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، اجلاس میں کشمیر اور فلسطین کی منصفانہ تحریکوں کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ٹویٹر پیغام میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ افغانستان کےانسانی بحران اور اسلامو فوبیا سے نمٹنے کیلئے اقدامات پر اتفاق ہوا، او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں مسلمانوں کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات پر بھی اتفاق ہوا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے حوالے سے اقدامات امت کے اتحاد کا مظہر ہے، وزرائے خارجہ کونسل کے سربراہ کی حیثیت سے پاکستان عالمی سطح پر امت کی آواز کو دنیا تک پہنچائے گا، پاکستان اتحاد، انصاف اور ترقی کیلئے باہمی اشتراک کو فروغ دے گا۔