کوئٹہ:(دنیا نیوز) تحریک انصاف بلوچستان کے پارلیمانی لیڈر سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ساڑھے 3 ارب میں بلوچستان کا سودا کر دیا، 40 گھنٹے تک قومی شاہراہ بند ہوئی لیکن حکومت پر کوئی فرق نہیں پڑا، کچھی میں 5 افراد کے قتل میں ملوث افراد کی پشت پناہی بلوچستان حکومت کررہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سردار یار محمد رند کی کال پر ضلع کچھی میں 5 افراد کے قتل کے خلاف بلوچستان اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جا رہا ہے، دھرنے میں سردار یار محمد رند نے شرکت اور پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ہمارے علاقوں میں پر امن طریقے سے رہنے دیا جائے، سیکورٹی خدشات کے باوجود میں اپنے بیٹوں اور اپنی عوام کے درمیان سڑکوں پر بیٹھا ہوں، 5 افراد کے قتل کے خلاف 40 گھنٹے تک سندھ بلوچستان قومی شاہراہ بند ہوئی لیکن صوبائی حکومت پر کوئی فرق نہیں پڑا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت واقعہ کے قاتلوں کی پشت پناہی کررہی ہے، ضلع کچھی میں 5 افراد کو قتل کیا گیا اور قاتل آج بھی دھندناتے پھر رہے ہیں، کیونکہ قتل ہونیوالے 5 افراد کے قاتل کا تعلق حکمران جماعت بلوچستان عوامی پارٹی سے ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع کچھی میں 5 افراد کے قتل کے خلاف بلوچستان سندھ قومی شاہراہ پر احتجاجی دھرنا دیا گیا جسکے بعد سردار یار محمد رند کی کال پر دھرنا کوئٹہ منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا۔