عبدالقدوس بزنجو بلوچستان کے نئے وزیراعلیٰ منتخب، 39 ووٹ کاسٹ

Published On 29 October,2021 11:57 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں نئے قائد ایوان میر عبدالقدوس بزنجو بلا مقابلہ منتخب ہو گئے۔ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔

بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر بابر موسی خیل کی صدارت میں شروع ہوا، جس میں نئے قائد ایوان کے لیے باقاعدہ ووٹنگ ہوئی۔ ایوان سے 39 اراکین کا ووٹ لے کر میر عبدالقدوس بزنجو نئے قائد ایوان منتخب ہوگئے۔

ایوان میں پی ڈی ایم سے تعلق رکھنے والی جماعتیں جمعیت علمائے اسلام ف، بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل، پشتون خواہ ملی عوامی پارٹی اور آزاد رکن نواب اسلم رئیسانی ووٹنگ کا حصہ نہیں بنے، تاہم نواب ثناء اللہ زہری نے ووٹنگ میں حصہ لیا۔

اجلاس میں بی اے پی، اے این پی، پی ٹی ائی، جے ڈبلیو پی اور نواب ثناءاللہ زہری نے قائد ایوان کو مبارکباد پیش کی۔ اسمبلی اجلاس کے آخر میں نومنتخب قائد ایوان عبدالقدوس بزنجو خطاب کرینگے۔ 

خیال رہے 2002 کے عام انتخابات میں پہلی مرتبہ سیاسی منظر پر نمودار ہونے والے قدوس بزنجو دونوں مرتبہ اپنی پارٹی کی اندرونی بغاوت کے باعث وزیر اعلیٰ بنے۔ میر عبدالقدوس بزنجو کا تعلق بلوچستان کے پسماندہ علاقے آواران سے ہے۔ اگرچہ وہ سپیکر رہے لیکن ان کے اور جام کمال کے درمیان اختلافات منظر عام پر آتے رہے۔