فیصل آباد: کھادوں کی قلت اور قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی وجہ سے کسان پریشان

Published On 25 January,2022 08:52 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں کھادوں کی قلت اور قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی وجہ سے کسان پریشان ہیں جبکہ کسانوں سے اظہار ہمدردی کیلئے آج کسانوں کے ہمراہ مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی جانب سے ڈپٹی کمشنر دفتر کے باہر احتجاج بھی کیا جائے گا۔

فیصل آباد میں کہیں زرعی کھادیں نایاب تو کہیں ان کی قیمتوں کو پر لگ گئے۔ ضلعی انتظامیہ، محکمہ زراعت اور دیگر متعلقہ ادارے زرعی کھادوں کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہیں، اوپن مارکیٹوں میں کھاد کی قیمت میں ہونے والے ہوشرباء اضافے کی وجہ سے چھوٹے کسان کھادوں کے استعمال سے بھی گریزاں ہے جس سے ان کی فصل متاثر ہونے کی صورت میں انہیں نقصان کا بھی سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

زرعی کھادوں کی قلت اور قیمتوں میں ہونے والے اضافے کے خلاف کسانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی جانب سے کسانوں کے ہمراہ آج ڈپٹی کمشنر دفتر کے سامنے احتجاج کیا جائے گا۔

کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ رواں دنوں مارکیٹ میں یوریا کھاد کے تھیلے کی قیمت 1700 سے بڑھ کر 3ہزار تک جاپہنچی ہے۔ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں نہ ہونے سے کسان پریشانی کا شکار ہیں۔