وزیراعظم نے ملک بھر کے طلبا کیلئے اسکالرشپ کمپلینٹ پورٹل کا اجرا کر دیا

Published On 17 February,2022 12:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے ملک بھر کے طلبا کیلئے اسکالرشپ کمپلینٹ پورٹل کا اجرا کر دیا۔ عمران خان نے کہا کہ طلبا نے کئی بار شکایات کیں انہیں نظرانداز کیا گیا، پیسے ختم ہونے پر طلبا کو مشکلات کا سامنا تھا۔

طلبا کیلئے اسکالرشپ کمپلینٹ پورٹل کے اجرا کی تقریب سے وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبا نے کئی بار شکایت کی کہ ہمیں نظرانداز کیا گیا، حکومت سنبھالی تو اندازہ نہیں تھا کتنی اسکالرشپس دی جانی چاہئیں، دوران تعلیم اسکالرشپس ختم ہونے سے طلبا کو مشکلات کا سامنا تھا، تعلیم کا بنیادی مقصد قوم کی تعمیر ہے، کئی مضامین کی پاکستان میں اہمیت ختم ہوگئی، کئی مضامین کے لوگ پاکستان میں ملتے ہی نہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اسکالرشپس کے ذریعے ہم تعلیم کے نظام کو بہتر بناسکتے ہیں، ہمیں اپنی نوجوان نسل کو اسلام کے اعلیٰ اقدار سے آگاہی دینی ہے، اسکالرشپس کا مقصد نوجوانوں کو ٹیکنالوجی کی جانب لے جانا ہے، طلبا کے مسائل کا تدارک کیا جائے گا، وزیراعظم پورٹل پر اسکالرشپ پورٹل بنایا گیا ہے، بھارت میں تعلیم پر بہت زیادہ پیسہ خرچ کیا جاتا ہے، نوجوانوں کو ریاست مدینہ کے اصولوں سے روشناس کرانا ہمارا فرض ہے۔