پاکستان آمریت کی طرف بڑھ رہا ہے، لانگ مارچ آئین کے تحفظ کیلئے ہے: بلاول بھٹو

Published On 17 February,2022 02:40 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ احتساب کے ایسے نظام کی ضرورت ہے جو متعصب نہ ہو، پارلیمنٹ کا کردار ہماری توقعات کے مطابق نہیں، اداروں کی بہتری کیلئے کام کرنا ہوگا، پاکستان آمریت کی طرف بڑھ رہا ہے، لانگ مارچ قانون اور آئین کے تحفظ کیلئے ہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے لاہور ہائیکورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قانون کے بغیر کوئی ریاست قائم نہیں رہ سکتی، ملک میں قانون کی بالادستی لازمی ہے، ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو آئین اور جمہوریت دی، قانون ریاست اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے، میری والدہ اور والد کو عدالتوں نے باعزت بری کیا، آصف زرداری اور بینظیر پر بے بنیاد مقدمات بنائے گئے، قانون کے بغیر جمہوریت ممکن نہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دور میں پاکستان جمہوریت سے دور ہو رہا ہے، ہم کسی ایک پارٹی یا خاندان کے خلاف نہیں لڑ رہے، ہم اس نظام کے خلاف لڑ رہے ہیں، پارلیمنٹ کا کردار ہماری توقعات کے مطابق نہیں، ہمیں اداروں کی بہتری کیلئے کام کرنا ہوگا، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ پاکستان اور وفاق کی بات کی۔