اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان وفاقی وزرا سمیت اعلی سطحی وفد کے ہمراہ چار روزہ دورے پر چین روانہ ہو گئے، ونٹر اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت اور چینی صدر و وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان ونٹر اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ کابینہ ارکان، سرکاری افسران سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی ان کے ہمراہ ہے۔ چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا جائے گا۔ دونوں ممالک کی قیادت علاقائی اور عالمی امور کا جائزہ لے گی۔ وزیراعظم دورے کے دوران متعدد ایم او یوز اور معاہدوں پر دستخط کریں گے۔
وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان دورہ چین میں چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے ، عمران خان کے دورہ چین سے دوطرفہ تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔ مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ دورے میں تجارت کے حوالے سے گفتگو ہوگی، سیمنٹ، چاول اور زراعت کے شعبے پر بات ہوگی۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہےکہ ملک میں سرمایہ کاری لانے کا ٹاسک ملا، امید ہے اس میں کامیابی ہوگی۔ مشیر قومی سلامتی معید یوسف کہتے ہیں پاکستان اپنے ہمسایہ ملک افغانستان میں استحکام چاہتا ہے،چین سی پیک کو افغانستان تک لیجانا چاہتا ہے۔ افغان عبوری حکومت بھی ایسا ہی چاہتی ہے۔