پریانتھا کمارا قتل کیس، 79 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع

Published On 31 January,2022 01:50 pm

گوجرانوالہ : (دنیا نیوز) گوجرانوالہ کی اے ٹی سی عدالت میں پریانتھا کمارا قتل کیس کی سماعت ہوئی، خصوصی عدالت نے 79 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں میں 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے سماعت 14فروری تک ملتوی کر دی۔

سیالکوٹ میں قتل ہونے والے سری لنکن شہری پریانتھا کمارا قتل کیس میں پولیس نے 86 ملزمان کو عدالت میں پیش کیا، 79 ملزمان جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں تھے جبکہ جوڈیشل ریمانڈ پر سنٹرل جیل گوجرانوالہ سے 7 ملزمان کو عدالت لایا گیا۔ دوران سماعت تفتیشی آفیسر نے تفتیش مکمل کرنے کیلئے 79 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 14 روز توسیع کی استدعا کی اور جوڈیشل ریمانڈ پر لائے گئے 7 ملزمان کے چالان کیلئے مہلت کی درخواست دی۔

عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا منظور کر لی جبکہ جوڈیشل ریمانڈ کیلئے بھی چودہ روزہ التواء دیتے ہوئے پولیس کو حکم دیا کہ تمام ملزمان کو 14 فروری کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔

سماعت کے دوران پولیس کی بھاری نفری عدالت کے باہر تعینات تھی، پولیس نے میڈیا نمائندگان کو احاطہ عدالت کے باھر بھی ملزمان کی فوٹیج بنانے سے روک دیا جس پر صحافیوں اور پولیس اہلکاروں میں تو تکرار بھی ہوئی۔