حکومتی ہتھکنڈوں اور پروپیگنڈوں کے باوجود لانگ مارچ ہوکر رہے گا: بلاول

Published On 29 January,2022 06:40 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومتی ہتھکنڈوں اور پروپیگنڈوں کے باوجود لانگ مارچ ہوکر رہے گا۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین سے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سید یوسف رضا گیلانی اور پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی، بلاول کو سابق وزرائے اعظم اور لانگ مارچ آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین نے 27 فروری کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے 27 فروری کے لانگ مارچ کے حوالے سے دونوں سابق وزرائے اعظم کو اہم ٹاسک سونپ دئیے۔ چیئرمین پی پی نے دونوں رہنماؤں کے ساتھ لانگ مارچ کے اہداف پر تفصیلی گفتگو کی۔

اس موقع پر بلاول کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ سے قبل پیپلزپارٹی کے خلاف مختلف حوالوں سے پروپیگنڈے کا آغاز ہوچکا ہے، کراچی سے اسلام آباد تک سلیکٹڈ حکومت پاکستان پیپلزپارٹی کو لانگ مارچ کی وجہ سے خاص طور پر ٹارگٹ کررہی ہے، حکومتی ہتھکنڈوں اور پروپیگنڈوں کے باوجود لانگ مارچ ہوکر رہے گا، حکومتی چالیں دھری کی دھری رہ جائیں گی، مجھے فروری سے اسلام آباد کا مطلع ابرآلود نظر آرہا ہے۔

بلاول کا شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ، جلد صحتیابی کی دعائیں 

کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کو ٹیلی فون کرکے صحت سے متعلق خیریت دریافت کی ہے۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی خیریت دریافت کرنے کے لیے بلاول بھٹو نے ان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، اس دوران چیئرمین پی پی نے مسلم لیگ(ن) کے صدر سے طبیعت سے متعلق پوچھا اور جلد صحت یابی کے لیے دعائیں بھی کیں۔



بلاول بھٹو زرداری نے گفتگو کے دوران شہباز شریف کی صحت سے متعلق فکرمندی ظاہر کی اور جلد صحت یاب کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔