لاڑکانہ: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ بنی گالہ کا گھر ریگولرائز ہوسکتا ہے تو غریب کا گھر کیوں نہیں ؟ یہ نظریے کا فرق ہے آپ کون سا پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی حکومت ظالم حکومت ہے، عوام کی طاقت سے حکمرانوں سے جان چھڑائیں گے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے لاڑکانہ میں کچی آبادی کو مالکانہ حقوق دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے منتخب ہو کر اپنے گھر کو ریگولرائز کرا لیا، اورنگی ٹاؤن کو ریگولرائز کرانے میں مشکلات پیش آئیں، گجر نالہ کو ریگولرائز کرانے میں مشکلات ہیں، بنی گالا میں نہیں، ظالم حکومت میں غریبوں سے چھت چھینی گئی۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ یہ نظریے کا فرق ہے کہ آپ کس قسم کا پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں، پوری کوشش ہوگی غریب کو اس کا حق دیا جائے، نسلہ ٹاور گرا کر ظلم کیا گیا، غریب عوام کو حق دیں گے تو امید ہے کسی کو اعتراض نہیں ہوگا۔
دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کی نائب صدر و سینیٹر شیری رحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی پرسیپشن انڈیکس حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے، پاکستان کا کرپشن میں 16 درجے اوپر جانا حکومت کے بیانیے کو بے نقاب کرتا ہے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ 2020 میں دنیا بھر میں پاکستان کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں 124 نمبر پر تھا، ایک سال کے اندر پاکستان 140 ویں نمبر پر آگیا، کرپشن ختم کرنے کی دعویدار حکومت نے 16 ممالک کو کرپشن میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
پیپلزپارٹی کی رہنما نے کہا کہ دوسری طرف مشیر احتساب کا استعفی اس بات کا ثبوت ہے کہ کرپشن کم نہیں، بڑھی ہے، احتساب صرف مخالفین کو نشانا بنانے کے لئے ہے، اس حکومت کی کرپشن سے اب عالمی ادارے پردہ اٹھا رہے ہیں۔