لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے 27 فروری سے کراچی سے اسلام آباد تک لانگ مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے اپنے مارچ سے پہلے مشاورت نہیں کی، الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کی فارن فنڈنگ کی مزید تحقیقات کرے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران اپوزیشن جماعتوں کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ لاہورمیں پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھی گئی تھی، یہیں سے حکومت کے خاتمے کی تحریک کا آغازکریں گے، ڈویژن کی سطح پریوریا بحران کے خلاف کسانوں کے ساتھ ملکرریلیاں نکالیں گے، ہمارے احتجاج کا سلسلہ اب نئے فیزمیں داخل ہوجائے گا، منی بجٹ غریب دشمن اورعوام کے معاشی حقوق، جیب پرڈاکہ ہے، منی بجٹ کی پارلیمان کے اندربھرپورمخالفت کریں گے، جب منی بجٹ پرووٹنگ ہوگی تو پارلیمان کے سامنے احتجاج کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کو استعفی دینا ہے اب ان کی مرضی ہے، احتجاج پیپلزپارٹی کا جمہوری حق ہے، اگریہ کہا جارہا ہے کہ فوج نیوٹرل ہے تو ہم یہی چاہتے ہیں، سارے ادارے نیوٹرل رہیں، ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار کے بیان کو ویل کیم کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اس حکومت سے نجات چاہتے ہیں، صاف اورشفاف الیکشن کا مطالبہ کرتے ہیں، ملک کے مسائل کا حل صرف جمہوریت، جمہوریت، جمہوریت میں ہے، عوام تاریخی مشکل میں ہے، پی ڈی ایم نے اپنے مارچ کا اعلان کرنے سے پہلے مشاورت نہیں کی، پی ڈی ایم کواپنے طریقہ کارکے مطابق مارچ کرنے کا حق ہے، عوام حکومت کوایک دن بھی نہیں دینا چاہتی، اپنا احتجاج آج سے ہی شروع کر رہے ہیں، سپیکرکے خلاف عدم اعتماد کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
بلاول کا کہنا تھا کہ عالمی اداروں کے سامنے معاشی خود مختاری کا سودا کیا گیا ہے، سٹیٹ بینک پارلیمان، عدلیہ کے بجائے آئی ایم ایف کو جوابدہ ہوگا، اس حوالے سے ہم قانونی مشاورت کر رہے ہیں، کم سے کم 25ہزارتنخواہ کے سندھ حکومت کے فیصلے پرسپریم کورٹ کا حکم امتناع ہٹایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کی فارن فنڈنگ کی مزید تحقیقات کرے، پی ٹی آئی نے7سال تک فارن فنڈنگ کو چھپایا، مذمت کرتے ہیں، فارن فنڈنگ کیس، شواہد کی بنیاد پر جعلی حکومت کے خلاف ایکشن لیا جائے۔ ظالم حکومت عوام سے روزگار چھین رہی ہے۔
سندھ والا لوکل باڈی نظام پنجاب میں بھی لانا چاہیے: بلاول
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب کے 9 اضلاع سے 80 سے زائد مقامی حکومتوں کے بلدیاتی نمائندگان کی شمولیت کے بعد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام اس وقت تکلیف میں ہے، یہ لوگ الٹا غریبوں کے سروں سے چھت چھین رہے ہیں، عوام جانتی ہے پیپلزپارٹی ہردورمیں روزگاردیتی ہے۔ ایک کروڑنوکریاں دینے کے بجائے روزگار چھینا گیا، مجھے عوام کی مدد کی ضرورت ہے، عوام حکومت سے نجات چاہتے ہیں، جدوجہد میں کارکن میرے سب سے تگڑے بازو ہونگے، پیپلزپارٹی گراس روٹ کی جماعت ہے اوررہے گی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اختیار دیئے چھینے نہیں، آصف زرداری سب سے طاقت ور سویلین صدر تھے، زرداری نے تمام اختیارات پارلیمنٹ کودیئے، چاہتے ہیں صوبوں کواختیارات ملیں اورلوکل باڈی سسٹم کومضبوط کیا جائے، پنجاب کا لوکل باڈی نظام آرڈیننس کے ذریعے چل رہا ہے، مرادعلی شاہ نے سندھ میں نیا لوکل باڈی نظام دیا ہے، سندھ کی طرح پنجاب میں بھی وہی لوکل باڈی نظام لانا چاہیے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں ایسے برے معاشی حالات نہیں تھے، جب مشرقی پاکستان الگ،جنگ کے دوران بھی ایسے معاشی حالات خراب نہیں تھے۔ یہ حکومت عوام دشمن حکومت ہے، پیپلزپارٹی غریب،عوام دوست جماعت ہے، بھٹو نے 1970ء میں 5 مرلہ سکیم دی تھی۔