اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں ڈیل کی خبریں پھیلا کر اپنے لیے سیاسی ماحول بنا رہی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، جس میں موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر ترجمانوں کو بریفنگ دی گئی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں ڈیل کی خبریں پھیلا کر اپنے لیے سیاسی ماحول بنا رہی ہیں، مجرموں سے ڈیل کا مفاہمت قوم سے غداری کے مترادف ہے، ن لیگ سیاسی جماعت نہیں، ایک مافیا کی طرح آپریٹ کررہی ہے، انہوں نے ہر شعبے میں رانا شمیم جیسے لوگوں کو استعمال کیا ہے۔
انہوں نے ترجمانوں سے کہا کہ کرپشن کے خلاف بیانیہ پر فرنٹ فٹ پر کھیلیں، احتساب اور کرپشن کے خلاف بیانیہ پر ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے، کرپشن کے خلاف بیانیہ کے ساتھ ساتھ حکومت کے اچھے کام اجاگر کریں۔
وزیراعظم نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارے ملکی معیشت کے بارے میں مسلسل مثبت اشارے دے رہے ہیں، معیشت درست سمت میں ترقی کررہی ہے، کاروباری کمپنیاں ریکارڈ منافع کما رہی ہیں، معیشت کی ترقی کے اثرات جلد عوام کو منتقل ہوں گے۔