متحدہ اپوزیشن کا مہنگائی پر پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج کا فیصلہ

Published On 10 January,2022 05:12 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز)متحدہ اپوزیشن نے مہنگائی پر حکومت کیخلاف پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق متحدہ اپوزیشن کی جانب سے فیصلہ کیا گیا کہ بدھ کو پارلیمنٹ کے سامنے مہنگائی کیخلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا ، احتجاج میں اپوزیشن لیڈران اور ارکان پارلیمنٹ حصہ لیں گے ۔

اس سلسلے میں اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ کو بھی ہدایات جاری کردی گئی جبکہ اسلام آباد و راولپنڈی کے ورکرز کو بھی بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف نے پارلیمنٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ مری پر پوری قوم افسردہ اور غم میں مبتلا ہے ، اس سے بڑھ کر انتظامی مجرمانہ غفلت نہیں ہوسکتی ، یہ حادثہ نہیں مجرمانہ غفلت ہے اور اس حادثے کا پورا حساب ہونا چاہیے ۔

ادھر پاکستان پیپلز پارٹی نے سانحہ مری پر سو موٹو ایکشن کا مطالبہ کردیا ہے ۔

اس حوالے سے پی پی پی رہنما خورشید شاہ نے کہا کہ سانحہ مری قدرتی آفت نہیں بلکہ یہ دانستہ نالائقی اور لاپرواہی کی انتہا ہے ، برف اس سے پہلے بھی پڑتی تھی لیکن عوام کو مرنے کے لیے نہیں چھوڑا جاتا تھا، شہباز شریف اور چودھری پرویز الہٰی کے ادوار میں بہترین انتظامات تھے ، اس معاملے کو ہم پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر اٹھائیں گے ۔