کراچی: (دنیا نیوز) قومی ایئرلائن کی افرادی قوت کی شرح بین الاقوامی تناسب کے برابر ہو گئی، رضاکارانہ علیحدگی سکیم، جعلی ڈگری، نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر ملازمین کی برطرفی سے تعداد کم ہوئی، ادارے کو سالانہ آٹھ ارب روپے کی بچت ہوگی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق ضرورت سے زائد سیاسی بھرتیوں کیلئے پہچانے جانے والی پی آئی اے کی افرادی قوت میں واضح کمی آئی ہے۔ سال 2017ء میں پی آئی اے کی فی طیارہ ملازمین کی تعداد 550 تھی جو کم ہوکر 260 رہ گئی ہے، 1900 ملازمین نے رضاکارانہ علیحدگی سکیم سے استفادہ کیا، ایک ہزارگھوسٹ ملازمین، 837 ملازمین جعلی ڈگریوں کی وجہ سے برطرف ہوئے۔ 1100 ملازمین کے خلاف نظم و ضبط کی خلاف ورزیوں اور کرپشن کی وجہ سے کارروائی کی گئی۔
سی ای او پی آئی اے ارشد ملک کہتے ہیں پی آئی اے کا اصلاحاتی عمل جاری رہے گا ، مزید طیارے شامل کررہے ہیں جس سے پی آئی اے کی سروس کا معیار بہتر ہوگا۔