گورنر سندھ کی حماد اظہر سے ناراضی کا معاملہ ، فواد چوہدری نے مصالحت کروا دی

Published On 24 December,2021 03:47 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سندھ میں گیس بندش اور گورنر سندھ کی حماد اظہر سے ناراضی کے معاملے پر وفاقی وزیر فواد چوہدری نے مصالحت کار کا کردار ادا کرتے ہوئے دونوں کے درمیان گلے شکوے دور کردایئے۔

گورنر سندھ اور حماد اظہر کے درمیان ناراضی کامعاملہ بالآخر حل ہوگیا، گورنرسندھ نے کچھ عرصہ قبل حماد اظہر بارے وزیراعظم کو بھی شکایت کر دی تھی، وفاقی وزیر اطلاعات کے دفتر میں ہونے والی ملاقات میں معاملہ حل کروا دیا گیا، ملاقات میں عامر کیانی بھی شریک ہوئے۔

گورنر سندھ نے کراچی میں گیس پریشر نہ ہونے کا معاملہ ایک بار سامنے رکھا، گورنرسندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ کراچی میں گیس کے مسائل ہیں، کراچی کی عوام کو گیس ملنی چاہیے۔ میرا صرف آپ سے اتنا ہی شکوہ ہے۔

وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ آپ میرے بڑے بھائی ہیں اور آپ کے ساتھ پرانا تعلق ہے، کراچی میں انڈسٹری نے اسٹے آرڈر لے رکھا ہے جس کی وجہ سے گیس پریشر کے مسائل ہیں، سوئی سدرن کو کہا ہے کہ لیگل ٹیم کے ذریعے اسٹے ختم کروایا جائے، حماد اظہر نے جلد کراچی میں گیس کا مسئلہ حل کروانے کی یقین دہانی کروا دی۔