نوشہرہ چیئرمین شپ الیکشن:پرویز خٹک نے بلے اور تیر پر مہر لگادی

Published On 19 December,2021 06:00 pm

نوشہرہ:(دنیا نیوز)خیبر پختونخوا بلدیاتی الیکشن میں وزیر دفاع پرویز خٹک نے تحصیل کونسل چیئرمین شپ کے انتخابات میں بلے اور تیر پر مہر لگادی ۔

خیبر پختونخوا کے بلدیاتی الیکشن میں سابق وزیراعلیٰ کے پی اور موجودہ وزیر دفاع پرویز خٹک نے تحصیل نوشہرہ کی کونسل چیئرمین شپ کے لئے اپنے بیٹے اسحاق خٹک کے انتخابی نشان بلے اور بھتیجے احد خٹک کے انتخابی نشان تیر پر مہر لگادی ۔

انتخابات میں پرویز خٹک کا بیٹا پاکستان تحریک انصاف اور بھتیجا پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے چیئرمین شپ کے الیکشن میں امیدوار ہیں۔

یاد رہے کہ نوشہرہ ہی سے ہی پرویز خٹک وزیراعلیٰ منتخب ہوئے تھے،2018کے الیکشن میں صوبائی نشست چھوڑ کر ایم این اے کی نشست پر برقرار رہتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع کا عہدہ حاصل کیا تھا۔

 واضح رہے کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں صوبے کے دیگر 18 اضلاع میں انتخابات 16 جنوری 2022 کو ہوں گے۔ پہلے مرحلے کے دوران ایک کروڑ 26 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ رائے دہندگان انتخابی امیدوار چنیں گے۔

بلدیاتی انتخابات کے لیے ہر ووٹر نے 6 ووٹ کاسٹ کیے، میئر سٹی کونسل اور چیئرمین تحصیل کونسل کی نشست کے لیے ووٹر کو سفید رنگ، نیبر ہڈ اور ولیج کونسل کے لیے سلیٹی رنگ جبکہ خواتین کی نشست کے لیے گلابی رنگ کا بیلٹ پیپر دیا گیا۔ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 2 ہزار 32 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ جنرل نشستوں پر 217، خواتین نشستوں پر 876، کسان کی نشستوں پر 285 اور یوتھ نشستوں پر 500 جبکہ اقلیتی نشستوں پر 154 امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوئے۔

 

Advertisement