لاہور:(ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا میں بلدیاتی الیکشن پر اپوزیشن امیدواروں کی برتری کے بعد پاکستان مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز نے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تبدیلی آ نہیں رہی بلکہ تبدیلی جا رہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے مریم نواز نے کے پی میں ہونیوالے بلدیاتی الیکشن میں حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف کی اب تک کے نتائج کے مطابق شکست پر لکھا کہ تبدیلی آ نہیں رہی، تبدیلی جا رہی ہے! وہ بھی رسوائی، بدنامی اور کروڑوں بددعائیں سمیٹ کر!۔
تبدیلی آ نہیں رہی، تبدیلی جا رہی ہے! وہ بھی رسوائی، بدنامی اور کڑوڑوں بددعائیں سمیٹ کر ! ۲۲ کڑوڑ کے ملک کو مہنگائی، لاقانونیت، نالائقی اور نااہلی کی دلدل میں دھکیل کر۔ ہر شعبہ میں بدترین اور تاریخی ناکامی کے انمٹ داغ اپنے ماتھے پر سجا کر وہ جا رہی ہے تبدیلی!
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) December 20, 2021
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ 22کروڑ کے ملک کو مہنگائی، لاقانونیت، نالائقی اور نااہلی کی دلدل میں دھکیل کر۔ ہر شعبہ میں بدترین اور تاریخی ناکامی کے انمٹ داغ اپنے ماتھے پر سجا کر وہ جا رہی ہے تبدیلی!۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو بڑا دھچکا لگ گیا، خیبرپختونخوا میں صوبائی حکومت ہونے کے باوجود صوبائی دارالحکومت پشاور میں سٹی میئر کاالیکشن ہار گئی، جمعیت علمائے اسلام (ف) نے سٹی میئر کے الیکشن میں حکومتی امیدوار کو ہرا دیا۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق اپوزیشن جماعت جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدوار زبیر علی خان نے حکومتی امیدوار رضوان خان بنگش کو 11 ہزار کے واضح ووٹوں سے شکست دیدی۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق فاتح امیدوار اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کے داماد زبیر علی خان نے 62388 ووٹ حاصل کیے جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار کو 50659 ووٹ ملے، تیسرے نمبر پر عوامی نیشنل پارٹی رہی جس کے امیدوار نے 49596ووٹ حاصل کئے،پیپلز پارٹی کے امیدوار ارباب زرک خان نے 45 ہزار 958 ووٹ حاصل کیے۔
ادھر پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے مہنگائی کو بلدیاتی الیکشن میں شکست کی وجہ قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو مہنگائی کا احساس ہے، دو تین ماہ میں مہنگائی کم کرنے کی کوشش کریں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار نچلی سطح کے بڑے الیکشن کا انعقاد کیا گیا، 2 تین واقعات کے علاوہ کوئی اور واقعہ پیش نہیں آیا، خیبرپختونخوا کی عوام نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جو خوش آئند ہے، جہاں غلطیاں ہوئی، دوسرے مرحلے میں نہیں دہرائیں گے۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ شکر ہے تحریک انصاف حکومت پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں، ایم این اے، ایم پی ایز تک رسائی نہیں حاصل تھی، اس لیے بھی ہار کا سامنا کرنا پڑا، تحریک انصاف کا ووٹ کم نہیں ہوا، آئندہ انتخابات میں جیت جائیں گے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر شبلی فراز نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کی پرفارمنس بری نہیں رہی، بہت سے حلقوں میں پی ٹی آئی کا مقابلہ پی ٹی آئی کے اُمیدوار سے ہی تھا، شکست کی وجہ بھی یہی رہی، کچھ عوام کو مہنگائی کے حوالے سے شکایات بھی تھیں۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ انتخابات کے پرامن انعقاد پر خوشی ہے، اپوزیشن کے پاس مستقبل کے لیے کوئی متبادل پلان نہیں، موجودہ الیکشن سے بہت کچھ سیکھا ہے، آنے والے انتخابات کے لیے تیاری کریں گے، الیکشن کے دوران 5 افراد جان کی بازی ہار گئے، مجھ پر حملہ ہوا، جو نہیں ہونا چاہیئے تھا۔