گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) پریانتھا کمارا قتل کیس میں گرفتار مزید اٹھارہ ملزمان کو گوجرانوالہ کی اے ٹی سی میں پیش کر دیا گیا، عدالت نے ملزمان کو پندرہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا، ملزمان کو اٹھائیس دسمبر کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائیگا۔
سیالکوٹ میں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کے سفاکانہ قتل اور پھر لاش کی حرمتی کے مقدمہ میں ملوث مزید اٹھارہ ملزمان کو پیشی کیلیے سخت سیکورٹی میں سیالکوٹ سے گوجرانوالہ لایا گیا۔ پولیس نے ہتھکڑیاں لگا کر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا۔ پولیس نے عدالت سے پندرہ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔
مقدمہ میں باضابطہ طور پرگرفتار ملزمان کی تعداد 52 ہو گئی ہے، 34 ملزمان پہلے ہی جسمانی ریمانڈ پر ہیں جنہیں 21 دسمبر کو دوبارہ عدالت میں پیش ہونا ہے۔