لاہور: (دنیا نیوز) وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے فروری میں بسنت منانے کی تجاویز مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے خونیں کھیل کھیلنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت جاری کر دیں۔
وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی لاء اینڈ آرڈر کا اجلاس ہوا جس میں مختلف افراد کی جانب سے آنیوالی فروری میں بسنت منانے کی تجاویز مکمل طور پر مسترد کردی گئیں۔ وزیر قانون نے کہا کہ کسی صورت پتنگ بازی کی اجازت نہیں دی جائے گی، انہوں نے خونی کھیل کھیلنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا اور پتنگ بازی کے قانون کو مزید موثر بنانے کے لیے محکمہ داخلہ کو قانونی تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں سیالکوٹ اور فیصل آباد واقعات کی شدید مذمت کی گئی، آر پی او گوجرانوالہ نے سیالکوٹ واقعہ پر اب تک کی پیش رفت اور گرفتاریوں پر بریفنگ دی۔ وزیر قانون نے سیالکوٹ واقعہ کا چالان چودہ دن کے اندر پیش کرنے کی ہدایت کی، محکمہ پراسیکیوشن خصوصی سیل بنا کر سیالکوٹ واقعہ کی سماعت کے دوران روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کرے گی۔
اجلاس میں سیالکوٹ واقعہ کی روزانہ جیل ٹرائل کرانے پر غوروخوض کیا گیا، فیصل آباد واقعہ میں ملوث ذمہ داروں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی ہدایت بھی کی گئی۔
صوبائی سب کابینہ برائے امن و امان کے اجلاس میں منظوری دی گئی کہ صوبہ بھر میں جعلی نمبر پلیٹس ، پولیس لائٹ ، کالے شیشے اور بمپر فلیش لائٹ لگانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن فوری شروع کیا جائے، نئے صوبائی کنٹرول روم 911 کے پنجاب سیف سٹی میں قیام کے لیے مشاورت بھی کی گئی۔