پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے وزیر برائےاعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے کہا ہے کہ بچوں کو ہراساں کرنے کے واقعات کا سخت نوٹس لیا جائیگا اور ایسے افراد کو سخت سزائیں دی جائینگی، معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ ملک وقوم کے لیے اپنی صلاحیتوں کے مطابق فرائض سرانجام دیںگے۔
خیبرپختونخوا کابینہ اجلاس کے بعد صوبائی وزیرکامران بنگش اورمعاون خصوصی بیرسٹر سیف نے مشترکہ بریفنگ کی، کامران بنگش کا کہنا تھا کہ صوبائی کابینہ نے یوتھ ہاسٹلزکی منظوری دی، محتسب کا دفترمحکمہ قانون کوتفویض کیا جائیگا، خیبر پختونخوا رولز ہاسٹل کی منظوری دی گئی،چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ میں ترامیم کی منظوری بھی دی گئی،بچوں کو ہراساں کرنے والوں کو سخت سزائیں دی جائینگی۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ صوبائی سروسز اکیڈمی کی استعداد کار بڑھانے سمیت نیشنل پارک رولز 2021 کی منظوری بھی دی گئی، میڈیا کمیونٹی سے متعلق مالکانہ انتقال پر پابندی بھی ختم کر دی، پشاور پریس کلب کے رجسٹرڈ صحافیوں کےلیے 564 میڈیا انکلیوز کی منظوری دی گئی، نیو پشاور سٹی میں صحافیوں کو 10 مرلہ پلاٹ دیئے جائیں گے۔
کامران بنگش کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی واضح ہدایات آئی ہیں، کے پی حکومت قانونی کارروائی ضرور کرے گی، الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی جہاں نظرآئے کارروائی کرے۔
معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ ملک وقوم کے لیے صلاحیتوں کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دیںگے، پشاور میں سیاسی سرگرمیاں جاری ہیں، صوبائی حکومت کی جانب سے کوئی پابندی نہیں، الیکشن کمیشن کو قواعد کی خلاف ورزی پر کارروائی کرنی چاہیئے۔